پاکستانی اداکارہ و ماڈل حرا خان نے اداکارہ صبا فیصل کے حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ والدین کے لیے اولاد کی زندگی اور فیصلوں سے متعلق ایسے بیانات حساس نوعیت رکھتے ہیں۔
حرا خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر صبا فیصل کے بیان کے ردِعمل میں لکھا کہ ’’جنازے اٹھانے سے بہتر ہے کہ والدین اپنے سر جھکالیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پہلے بھی یہ بات کہہ چکی ہیں اور دوبارہ کہتی ہیں کہ صبا فیصل کو مدد کی ضرورت ہے۔دوسری جانب اداکارہ زویا ناصر نے بھی سوشل میڈیا پر اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے اور یہ ایک ’’خطرناک اور پیچیدہ بیانیہ‘‘ ہے۔حرا خان اور زویا ناصر کا ردِعمل صبا فیصل کی اس ویڈیو کے بعد سامنے آیا جس میں وہ طلاق کے حوالے سے بدلتے ہوئے معاشرتی رویوں پر گفتگو کرتی دکھائی دیں۔صبا فیصل نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے طلاق کو پورے خاندان کے لیے انتہائی تکلیف دہ واقعہ سمجھا جاتا تھا۔
ان کے مطابق خاندان طویل عرصے تک یہ سوچتا رہتا تھا کہ آخر کیا غلط ہوا، جبکہ بیٹی کی شادی ختم ہونے پر والد بھی شدید شرمندگی محسوس کرتے تھے اور لوگوں کا سامنا کرنے سے گریز کرتے تھے۔اداکارہ نے ماضی کے ان رویوں کا موجودہ دور سے موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب بعض معاملات میں طلاق کو نسبتاً معمولی انداز میں لیا جاتا ہے اور طلاق یافتہ خاتون بیرونِ ملک سفر کرکے ذہن صاف کرنے اور زندگی آگے بڑھانے کی بات کرتی ہے۔صبا فیصل کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شادی، طلاق، خاندانی توقعات اور معاشرتی رویوں میں تبدیلی کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی، جس میں حرا خان اور زویا ناصر سمیت دیگر صارفین اور شخصیات نے بھی اپنی آرا کا اظہار کیا۔