اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق جدید اور ماحول دوست الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے شہریوں اور سیاحوں کو وفاقی دارالحکومت کے اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کی سیر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ڈبل ڈیکر بس میں سفر کے دوران مسافر اسلام آباد کے خوبصورت مناظر سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔مجوزہ بس روٹ میں اسلام آباد کے 15 سے زائد اہم مقامات شامل ہوں گے، جن میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک سمیت دیگر سیاحتی و تفریحی مقامات شامل ہیں۔سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو دارالحکومت کی خوبصورتی دیکھنے کا ایک نیا اور منفرد موقع فراہم کرے گی۔ بسوں میں تقریباً 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔
ادارے کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے اسلام آباد کی سیر کو مزید آسان، ماحول دوست اور منفرد بنانے کی کوشش کی جائے گی۔سی ڈی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسلام آباد کو مزید پرکشش اور سیاح دوست دارالحکومت کے طور پر فروغ دینا ہے۔دوسری جانب شہریوں نے اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سیاحت اور تفریح کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔