کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کچھ دیر بعد شہر میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
یہ سروس سالِ نو کے موقع پر شہریوں کے لیے ایک بڑا تحفہ تصور کی جا رہی ہے۔نئی ڈبل ڈیکر بس سروس ماڈل کالونی سے زینب مارکیٹ تک چلائی جائے گی، جس کا مجموعی روٹ 22 کلومیٹر پر مشتمل ہے۔ اس بس سروس کا مقصد شہریوں کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے اور روزمرہ سفر آسان بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق ڈبل ڈیکر بسوں میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اور بس کرایہ 80 سے 120 روپے مقرر کیا گیا ہے تاکہ یہ سہولت عام شہریوں کی پہنچ میں رہے۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل میں مزید جدید بس روٹس متعارف کرانے کا بھی منصوبہ ہے۔شہری حلقوں نے ڈبل ڈیکر بس سروس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ کراچی میں سفری سہولتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔