مظفرآباد میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ حاصل کرکے آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔
ڈاکٹر نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر ہوں گے۔ صدارتی انتخاب میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ ایک رکن غیر حاضر رہا۔ پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے۔ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد نومنتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب کے لیے دعوت نامے بھی جاری کیے گئے، جبکہ ڈاکٹر نجیب نقی آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے ڈاکٹر نجیب نقی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا 25واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔