کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے لیے مختلف اقدامات فوری طور پر نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق آئندہ تین ماہ تک سرکاری گاڑیوں کے لیے مختص ایندھن میں 50 فیصد کمی کی جائے گی، جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری اور سرکاری حکام کے غیر ملکی دوروں پر پابندی عائد ہوگی۔اعلامیے میں سرکاری عشائیوں، سیمینارز اور کانفرنسز کے انعقاد پر بھی پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ تنخواہوں اور پنشن کے علاوہ دیگر سرکاری اخراجات میں 5 فیصد کمی کی جائے گی۔حکومت نے شادی کی تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔اعلامیے کے مطابق بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے، میرج ہالز رات 10 بجے جبکہ ریسٹورنٹس رات 11 بجے بند کیے جائیں گے۔ تاہم فارمیسیز، اسپتال، پیٹرول پمپس اور ڈیری شاپس کو ان اوقات کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔بلوچستان حکومت کے مطابق تمام کفایت شعاری کے اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔