بلوچستان میں قومی کفایت شعاری اقدامات: اجلاس میں اہم ہدایات جاری

بلوچستان میں قومی کفایت شعاری اقدامات: اجلاس میں اہم ہدایات جاری

بلوچستان میں دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

 سرکاری امور کے لیے دفتری اوقات کے بعد گاڑی کا استعمال صرف مجاز اتھارٹی کی اجازت سے مشروط ہوگا۔یہ اعلان وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے قومی کفایت شعاری اقدامات کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر متعلقہ افراد کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی فوری واپسی لی جائے گی، اور سابق گورنرز، وزرائے اعلیٰ، وزراء، اراکین اسمبلی، افسران اور غیر متعلقہ اہلکاروں سے بھی گاڑیاں واپس لی جائیں گی۔فیصلے کے تحت تمام سرکاری گاڑیوں کا آڈٹ ہوگا، ایندھن صرف تصدیق شدہ گاڑیوں کو فراہم کیا جائے گا، جبکہ 2005 سے پرانی گاڑیوں کی مرحلہ وار نیلامی اور ریشنلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

تمام سرکاری گاڑیوں میں ٹریکرز نصب کیے جائیں۔گاڑیاں بیرون صوبہ لے جانے پر پابندی ہو۔اندرون شہر سرکاری گاڑیوں کی نقل و حرکت سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کی جائے۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی وسائل کے ضیاع کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔