نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کفایت شعاری اقدامات سے متعلق کمیٹی کے اجلاس میں مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے اوقات کار میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں جاری کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دن کے دورانیے میں اضافے اور گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروبار بند کرنے کے اوقات میں نرمی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔کمیٹی کے فیصلے کے مطابق دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور عمومی ریٹیل کاروبار اب رات 9 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، جبکہ ریستوران، کیفے اور کھانے پینے کے مراکز کو رات 11 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔فیصلے کے تحت ٹیک اوے اور ڈیلیوری سروسز کو ان اوقات کار سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح شادی ہالز اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔
کمیٹی نے فارمیسیز، ہسپتالوں، پٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق ضروری خدمات کو بھی پابندیوں سے استثنیٰ دے دیا۔اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ وفاقی حکام کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ان فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پیٹرولیم، موسمیاتی تبدیلی، اطلاعات اور آئی ٹی و ٹیلی کام کے علاوہ مختلف وزارتوں کے سیکریٹریز اور صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔