انگلش کاؤنٹی کرکٹ ٹیم ایسکس کے 24 سالہ کرکٹر رابن داس پر زیادتی کے دو مقدمات قائم کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد ایسکس کاؤنٹی کرکٹ کلب نے انہیں معطل کر دیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق رابن داس کو 23 جولائی 2026 کو زیادتی کے دو الگ الزامات میں نامزد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایک خاتون کی جانب سے مارچ 2024 میں لندن کے علاقے برکسن میں زیادتی کی اطلاع دیے جانے کے بعد عمل میں آئی۔پولیس نے بتایا کہ رابن داس کو اسی معاملے میں 27 اگست 2025 کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اب وہ 9 اکتوبر کو انر لندن کراؤن کورٹ میں پیش ہوں گے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کو خصوصی افسران کی جانب سے معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مقدمے کی قانونی کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب ایسکس کاؤنٹی کرکٹ کلب نے بھی رابن داس پر الزامات عائد ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
کلب کے مطابق معاملہ کرکٹ سرگرمیوں سے باہر پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق ہے اور ادارہ قانونی کارروائی کے دوران متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔رابن داس نے 2020 میں ایسکس کی جانب سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اب تک کاؤنٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے 60 میچز کھیل چکے ہیں، جن میں 9 فرسٹ کلاس، 29 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی مقابلے شامل ہیں۔رابن داس پر عائد الزامات عدالت میں زیرِ سماعت ہیں اور ان الزامات کی بنیاد پر ان کے جرم کا حتمی تعین عدالت کی کارروائی کے بعد ہوگا۔