رابن اتھپا نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے یوراج سنگھ کے کیریئر کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اتھپا کا کہنا تھا کہ یوراج سنگھ نے کینسر کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم میں واپسی کی امید کی تھی اور اس کے لئے وہ کپتان سے رعایت مانگ رہے تھے، مگر کوہلی کی قیادت میں انہیں کوئی رعایت نہیں دی گئی۔اتھپا کے مطابق یوراج سنگھ، جو کہ دو ورلڈکپ جیتنے والے کھلاڑی ہیں، چیمپئنز ٹرافی میں اچھا پرفارم نہ کرنے کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کر دیے گئے۔ اتھپا نے کہا کہ اس وقت یوراج کو ایک موقع دینا ضروری تھا کیونکہ وہ جان لیوا مرض سے لڑ کر واپس آئے تھے۔اتھپا نے مزید انکشاف کیا کہ یوراج سنگھ نے فٹنس ٹیسٹ میں پوائنٹس کی کٹوتی کی درخواست کی تھی تاکہ وہ ٹیم میں واپس آ سکیں، مگر ٹیم انتظامیہ نے اس سے انکار کر دیا۔
یوراج سنگھ نے پھر خود فٹنس ٹیسٹ دیا اور پاس کیا، لیکن پھر بھی انہیں ٹیم میں واپس شامل نہیں کیا گیا۔رابن اتھپا نے کوہلی کی کپتانی پر بھی بات کی، کہا کہ وہ کوہلی کے ساتھ کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن انہوں نے اسے ایک "منہ پھٹ" شخص قرار دیا۔ اتھپا کی یہ تنقید ویرات کوہلی کی قیادت پر سوالات اٹھاتی ہے اور اس کے فیصلوں پر بحث چھیڑتی ہے۔