وزیراعظم کی امریکہ سے واپسی کے بعد محمود اچکزئی سے ملاقات، ملاقات میں صرف چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کی تقرری پربات ہوگی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر وفاقی حکومت نے مذاکرات کے حوالے سے اپنی حکمت عملی طے کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے حکومت نے اپوزیشن سے مذاکرات آئینی و قانونی دائرے میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم کی امریکا سے واپسی کے بعد محمود اچکزئی سے ملاقات متوقع ہے۔وزیراعظم ،اپوزیشن لیڈر ملاقات میں صرف چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کی تقرری پربات ہوگی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کا معاملہ مذاکراتی ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگا۔حکومتی ذرائع کے مطابق عمران خان کی مستقل طور پر نجی اسپتال منتقلی پر بھی بات نہیں کی جائے گی، مذاکرات میں آئینی اور قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا، وفاق پرچڑھائی کے دباؤمیں عمران خان سے متعلق کسی معاملے پر بات چیت ممکن نہیں۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان جاری شدید سیاسی کشیدگی کے ماحول میں مذاکرات کی ایک بار پھر بات سامنے آگئی ہے۔