عمران خان کی رہائی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگی: بیرسٹر عقیل

  یہ نہیں ہو سکتا پہلے آپ سول نافرمانی کی کال دیں، پھرکہیں 9 مئی میں ریلیف مل جائے، مشیر قانون کی میڈیا سے گفتگو
ٹیکسلا(آئی این پی ) وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی سے مذاکرات میں عمران خان کی رہائی ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگی، مذاکرات کے لیے پہلے آپ کو ٹی او آر طے کرنے ہیں، ایجنڈا سیٹ کرناہے، اس بعد بات آگے چل سکتی ہے۔ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا مذاکرات میں عمران خان کی رہائی ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگی، یہ نہیں ہو سکتا پہلے آپ سول نافرمانی کی کال دیں، پھرکہیں 9 مئی میں ریلیف مل جائے، عدالتوں کے فیصلے اور نظام ہے، عدالتی سسٹم اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ مشیر قانون و انصاف نے کہا کہ اگرکوئی سمجھ رہا ہے کہ مذاکرات کی آڑ میں ڈیل یا ڈھیل ملے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، مذاکرات میں کہیں نہیں لکھاکہ آپ کو عام معافی دی جائے گی، 9مئی کے کیسز اپنے مطقی انجام کو پہنچیں گے، مذاکرات الگ چیز ہیں اور قانون کاحرکت میں آنا الگ چیز ہے۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ حکومت پہلے بھی سنجیدہ تھی اور اب بھی سنجیدہ ہے، 10 مہینوں سے اتحادی اور ہم یہی راگ الاپ رہے ہیں مسائل کاحل صرف مذاکرات میں ہے۔