سپیکر اسمبلی مالدیپ کا پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ ، براہِ راست پروازوںپر اتفاق

اسلام آباد (آن لائن) بحرِ ہند کے برادر ملک مالدیپ کی نیشنل اسمبلی کے سپیکر عبد الرحیم عبداللہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی اور ریاستی مہمان وفد نے پاکستان انٹرنیشنل ایوی ایشن (پی آئی اے) ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان مالدیپ فرینڈشپ گروپ کی کنوینر اور رکن قومی اسمبلی محترمہ شائستہ خان بھی وفد کے ہمراہ موجود تھیں۔ سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے براہِ راست فضائی آپریشن شروع کرنے پر تفصیلی اتفاق کیا گیا۔ مالدیپ کی نیشنل اسمبلی کے سپیکر عبد الرحیم عبداللہ کی قیادت میں آنے والے اس وفد میں مالدیپ کے ہائی کمشنر، سیکنڈ سیکرٹری اور ڈپٹی لیڈر سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے، جنہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے 'سٹیٹ گیسٹ' کا درجہ دیا گیا ہے۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز سیاحت کے فروغ، باہمی تجارت میں اضافے اور عوام کے درمیان رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنے گا