: آئی پی پیز کو ٹیکس سے مستثنیٰ کیا جائے، عام عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے:حافظ نعیم الرحمان

: آئی پی پیز کو ٹیکس سے مستثنیٰ کیا جائے، عام عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے:حافظ نعیم الرحمان

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ آئی پی پیز کو ٹیکس سے مکمل استثنیٰ دیا جا رہا ہے، جبکہ عام عوام پر ٹیکس کا بوجھ بڑھایا جا رہا ہے۔

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک لاکھ 25 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والے افراد کو ٹیکس سے چھوٹ دی جائے تاکہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف مل سکے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے خوف و ہراس پھیلانا بند کیا جائے، ملک میں مہنگائی پانچ ماہ سے مسلسل بڑھ رہی ہے اور صرف دعوے کرنے سے معیشت بہتر نہیں ہو سکتی بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تنخواہ دار طبقے نے ٹیکس کی مد میں 400 ارب روپے جمع کرائے ہیں، لیکن اس کے باوجود حکومت بڑے جاگیرداروں اور مخصوص طبقوں کو مراعات دے رہی ہے جن کے قبضے میں شوگر ملیں اور دیگر کاروبار ہیں۔انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے ٹیرف میں کوئی مستقل کمی نہیں کی جا رہی اور عام صارفین سے مسلسل لوٹ مار کی جا رہی ہے، جبکہ دو ہزار ارب روپے آئی پی پیز کو دیے جا چکے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹیکس نظام کو ازسر نو ترتیب دینے کی ضرورت ہے تاکہ تنخواہ دار طبقے پر اضافی بوجھ نہ آئے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے 67 ہزار افراد حج کرنے سے محروم رہے ہیں۔ انہوں نے کے فور منصوبے کی تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ارسا نے کراچی کے پانی کی فراہمی میں اضافہ نہیں کیا، جبکہ کے فور منصوبے کی لاگت اب 200 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے اور کراچی کا بنیادی انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔

علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمان نے عالمی سیاست پر بھی بات کی اور کہا کہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو ویٹو کیا ہے اور اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امن کی بجائے جنگ کو ترجیح دی ہے اور امریکا نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو ہر میدان میں شکست دی ہے اور بھارت اب عالمی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے مسلم ممالک کی افواج کے سربراہان کے اجلاس کے انعقاد کا بھی مطالبہ کیا تاکہ تمام ممالک کے سپہ سالاروں کو اکٹھا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا امن کا داعی نہیں بلکہ انسانیت کا دشمن ہے اور ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں نے غزہ کی صورتحال پر احتجاج نہیں کیا، جس پر افسوس ہے۔یہ تمام بیانات کراچی میں جماعت اسلامی کی پریس کانفرنس کے دوران دیے گئے۔