کنگ حمد انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ کا افتتاح، جنرل ساحر شمشاد مرزا کی شرکت

کنگ حمد انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ کا افتتاح، جنرل ساحر شمشاد مرزا کی شرکت

پاکستان میں کنگ حمد انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، تقریب میں بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی، جب کہ اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بحرین کے فرمانروا، شاہی خاندان اور حکومتِ بحرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انسٹیٹیوٹ کا افتتاح پاکستان میں طبی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ مستقبل میں اعلیٰ مہارت یافتہ طبی ماہرین تیار کرے گا اور نرسنگ و متعلقہ طبی شعبہ جات میں نئے بین الاقوامی معیار قائم کرے گا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا اور صحت، تعلیم اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔