یتیم خانے میں بچوں پر تشدد کی ویڈیووائرل ، ملزم گرفتار

 چیچہ وطنی (خصوصی رپورٹ) چیچہ وطنی کے یتیم خانے میں معصوم بچوں پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال رانا طاہر رحمن خان نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ایس ایچ او تھانہ سٹی چیچہ وطنی سب انسپکٹر نوریز عباس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمن خان نے کہا کہ معصوم بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساہیوال پولیس ایسے تمام کیسز میں متاثرہ بچوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن قانونی و اخلاقی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔