لاہور: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں اور ان کے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا، ہم صبر اور استقامت کے ساتھ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے۔لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں اور مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں۔ ایک مہذب شہری کو دانشوروں کی محفل میں شرکت سے روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی جبر اور رکاوٹوں کے باعث وہ لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست مخاطب نہیں ہو سکے۔ جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا، لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے۔مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں امن کے داعی ہیں اور قیامِ امن کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وطن سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔ پاکستان کے ساتھ ہماری وفاداریاں شک و شبہ سے بالاتر ہیں اور ان شاء اللہ مخالفین کی سازشیں بے نقاب ہوں گی۔
کارکنوں پر مبینہ ریاستی جبر اور سرگودھا کانفرنس
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا ایک ایک کارکن استقامت کا پہاڑ بنا ہوا ہے اور جبر کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں۔ ہم نے وطن سے محبت اور وفا کی ہے، کسی طاقتور کی غلامی قبول نہیں کی۔انہوں نے اعلان کیا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام ایک بڑی کانفرنس منعقد کرنے جا رہی ہے۔ ان کے مطابق پورے سرگودھا ڈویژن میں پارٹی کارکنوں کو ریاستی جبر کا سامنا ہے، مقامی قائدین کے کاروبار بند اور دکانیں سیل کی جا رہی ہیں جبکہ بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور ان کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ان کا عزم ہے کہ سرگودھا کانفرنس ہر صورت منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اجتماع کو کامیاب بنائیں اور اپنی حریت و آزادی کا مظاہرہ کریں۔
عوام کے وسائل پر عوام کا حق ہے، مولانا فضل الرحمٰن
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ وہ عوام، پاکستان اور ریاست کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ آج قومی و ملی وحدت کا وقت ہے اور ہر پاکستانی شہری کو اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف ریاستی قوتوں کے رویوں میں شدت اس وقت آئی جب انہوں نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے متعلقہ حلقوں کا کردار بے نقاب کیا۔مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گوادر، سندھ، ساحلی علاقوں اور پنجاب کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ معدنی ذخائر عوام کی ملکیت ہیں، یہ وفاق یا کسی ایک طاقتور ادارے کی ملکیت نہیں ہیں۔