اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت میں ریاستی اداروں کی ملی بھگت سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور اسلاموفوبیا پر مبنی پالیسیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔
میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو بھارت میں اسلاموفوبک واقعات میں اضافے پر شدید تشویش ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر، امتیازی سلوک اور تشدد ناقابل قبول ہے اور ان اقدامات کی مذمت کی جانی چاہیے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں جن پر بین الاقوامی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ بھارت میں مذہبی آزادی کو دبایا جا رہا ہے اور اقلیتوں کو خوف، تعصب اور نفرت کی فضا میں جینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
شفقت علی خان نے خبردار کیا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی منافرت نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ پورے خطے کے امن، ہم آہنگی اور استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔انہوں نے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحانات کی روک تھام کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔