امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکمران عوام کو حقیقی حقوق دینے کے بجائے صرف زبانی تسلیاں دے رہے ہیں.
لاہور میں منصورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کو ان کا حق دینے کے بجائے خیرات دے کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے، اور حکمرانوں نے مل کر مزدوروں کا استحصال کیا ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں عوام کو دھوکا دے رہی ہیں اور مڈل مین کے ذریعے عام شہریوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سات سال میں ملک میں غربت میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے اور کم سے کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ انہوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ حکومت نے حالیہ دنوں میں پیٹرول 7 روپے اور ڈیزل 19 روپے فی لیٹر مہنگا کیا، جبکہ عوام سے اربوں روپے لیوی کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔
مزید انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام پر ٹیکس کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے اور دوسری طرف بااثر طبقہ اپنی زمینوں اور آمدن پر ٹیکس معاف کرواتا ہے۔