مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران دو صحافیوں، دو نابالغوں اور سابق قیدیوں سمیت 33 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نابلس، بیت لحم، الخلیل، جنین، طوباس اور طولکرم کے علاقوں میں درجنوں گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی کے دوران املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔رپورٹس کے مطابق نابلس سے 17، بیت لحم سے 7، الخلیل سے 3، جنین سے ایک، طوباس سے 2 اور طولکرم سے 3 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔گرفتار افراد میں بیت لحم سے تعلق رکھنے والے دو صحافی صابری موسیٰ جبریل اور معت عمارنا بھی شامل ہیں۔جنین میں اسرائیلی اسپیشل فورسز کے ایک یونٹ نے وزارت داخلہ کے علاقے کے قریب سے ایک سابق قیدی کو بھی گرفتار کیا۔ گرفتار کیے جانے والوں میں نابالغ اور دیگر سابق قیدی بھی شامل ہیں، جبکہ ایک شخص ایسا بھی ہے جسے چند روز قبل ہی رہائی ملی تھی۔