قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 10 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کا تعلق فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد سے ہے اور وہ اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک مسلح نیٹ ورک قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔اسرائیلی اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق یہ کارروائی علی الصبح جنین کے قریب واقع قصبے عرابہ میں کی گئی۔ آپریشن میں پیراٹروپرز بریگیڈ کے ریکونیسنس یونٹ، دیودوان کمانڈو یونٹ اور سرحدی پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے قصبے کی 10 مختلف عمارتوں پر بیک وقت چھاپے مارے اور تقریباً 30 منٹ کے اندر تمام 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مبینہ مسلح نیٹ ورک کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کی گئی، تاہم گرفتار فلسطینیوں کے خلاف الزامات کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔