ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں گیس دھماکا، 6 افراد ہلاک، 10 زخمی

ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں گیس دھماکا، 6 افراد ہلاک، 10 زخمی

ہنوئی: ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے گنجان آباد علاقے ڈونگ دا میں کھانا پکانے والی گیس کے مبینہ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے، دھماکے کی شدت سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکا 24 نومبر کی صبح تقریباً 8 بجے ایک کھانے پینے کی دکان میں ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا کھانا پکانے والی گیس کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات کی تصدیق ہونا باقی ہے۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ دکان سے ملحقہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ آس پاس موجود گھروں کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

امدادی کارکنوں نے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کردیں۔حادثے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام نے مزید کسی جانی نقصان سے بچنے اور شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر متاثرہ عمارت کے آس پاس رہائش پذیر افراد کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔