ویب ڈیسک: ویتنام میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 13 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہیں۔
موسمیاتی تبدیلیوں اور طوفانی بارشوں کے سبب مختلف علاقوں میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔حکام کے مطابق، سیلاب اور بارشوں کے باعث ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے، اور 56 مکان مکمل طور پر منہدم ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جن میں 4,900 ایکٹر پر پھیلی ہوئی دھان اور دیگر فصلیں شامل ہیں۔ سیلاب سے 17,700 سے زائد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، جس سے مقامی معیشت کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو اور امدادی ٹیمیں صورت حال سے نمٹنے کے لیے سرگرم عمل ہیں، اور مقامی حکام متاثرہ علاقوں میں فوری طبی اور غذائی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور مزید امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق، آئندہ بھی بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے صورت حال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔