چین کے شمالی صوبے شانزی میں ایک کوئلے کی کان میں خوفناک گیس دھماکے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے، جس میں کم از کم 82 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھماکا کنیوان کاؤنٹی میں واقع لیوشینیو کوئلے کی کان میں پیش آیا، جہاں حادثے کے وقت مجموعی طور پر 247 مزدور زیر زمین کام کر رہے تھے۔ دھماکے کے بعد کان میں شدید دھواں اور زہریلی گیس پھیل گئی، جس کے باعث کئی مزدور پھنس گئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں، ریسکیو اہلکار اور امدادی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاپتہ مزدوروں کی تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق اب بھی کچھ کارکنوں کی تلاش جاری ہے اور صورتحال کی سنگینی کا مکمل اندازہ لگایا جا رہا ہے۔چینی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دھماکے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ ابتدائی طور پر حفاظتی انتظامات اور گیس کنٹرول سسٹم میں خرابی کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات اور ممکنہ ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے گا۔