کراچی کے علاقے گل رعنا کالونی سولجر بازار میں ایک گھریلو عمارت میں گیس سلینڈر کے دھماکے کے نتیجے میں بڑے حادثہ نے تباہی مچا دی۔
اس واقعہ کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔حادثہ گلی نمبر 05 کے قریب آغا خان اسکول کے علاقے میں پیش آیا، جب گیس لیکیج کے سبب یہ زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے عمارت منہدم ہو گئی اور آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ امدادی ادارے، جن میں ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا شامل ہیں، فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ محمد شاہد، 50 سالہ وکیا، 14 سالہ بلاول، 10 سالہ پدھرا، 6 سالہ عدنان، 7 سالہ ریاض، 25 سالہ تسلیم، 6 سالہ زین العابدین، 40 سالہ کامران، 12 سالہ سنہان، 13 سالہ کوثر، 55 سالہ آمنہ، اور 18 سالہ جنید شامل ہیں۔ ملبے سے مزید دو خواتین کی لاشیں بھی نکالی گئی ہیں، جن میں 44 سالہ زینب اور 17 سالہ افشاں شامل ہیں۔
حادثہ کے وقت، عمارت بلڈنگ گارڈر پر بنی تھی اور یہ ایک غیر قانونی تعمیر معلوم ہوتی ہے، جس کی قانونی حیثیت کی تحقیقات جاری ہیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ لنجار نے بتایا کہ ملبے سے 14 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور ایک لاش اب بھی ملبے میں ہونے کا خدشہ ہے۔پولیس اور متعلقہ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے وقوعہ سے دور رہیں تاکہ امدادی کارروائیاں جاری رہ سکیں۔ واقعہ کی اصل وجہ کا تعین اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہ حادثہ علاقے میں غم و غصہ کی لہر پھیل گیا ہے، اور ریسکیو ٹیمیں ملبے کے تفتیشی عمل میں مصروف ہیں۔