افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شہرِ نو میں زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔
افغان حکام نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد بعد میں جاری کی جائے گی۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکا شہرِ نو کے مصروف علاقے میں ہوا جس کے باعث اطراف کی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ شہرِ نو کابل کے نسبتاً محفوظ علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں غیر ملکی شہریوں، سفارتی عملے اور کاروباری شخصیات کی رہائش بھی بتائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔تاحال دھماکے کی نوعیت اور اس کے ذمہ داروں کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔