لاہور: بغیر لائسنس شیر کے تین بچے رکھنے والا شہری گرفتار

لاہور: بغیر لائسنس شیر کے تین بچے رکھنے والا شہری گرفتار

لاہور: بغیر لائسنس شیر کے تین بچے رکھنے والے شہری کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

جین مندر چوک میں ٹریفک حادثے کے دوران ایک گاڑی سے شیر کے تین بچے برآمد ہوئے، جس کے بعد وائلڈ لائف حکام نے ان کی ملکیت سے متعلق قانونی دستاویزات طلب کیں، تاہم شہری کوئی لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہ کر سکا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جین مندر چوک میں ٹریفک حادثے کے دوران گاڑی میں موجود شیر کے تین بچے سامنے آئے۔ واقعے کے بعد موقع پر موجود پولیس کی نگرانی میں وائلڈ لائف انسپکٹر نے شیر کے بچوں کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والے رضا ہمایوں سے ان کا لائسنس اور ضروری اجازت نامے طلب کیے۔حکام کے مطابق رضا ہمایوں شیر کے بچوں کو اپنے پاس رکھنے کے حوالے سے کوئی قانونی دستاویز پیش نہیں کر سکا، جس پر وائلڈ لائف انسپکٹر کی مدعیت میں تھانہ مزنگ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

وائلڈ لائف حکام کے ترجمان کے مطابق گاڑی سے برآمد ہونے والے شیر کے بچوں میں دو نر اور ایک مادہ شامل ہیں۔ تینوں بچوں کو تحویل میں لے کر علاج معالجے اور مناسب دیکھ بھال کے لیے سفاری پارک منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے ملزم رضا ہمایوں کو حراست میں لے لیا ہے اور واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔