جوہر ٹاؤن میں بچوں پر شیر کے حملے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے افریقی نسل کے شیر کو لاہور سفاری پارک منتقل کرنے کی ہدایت دے دی۔
محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ شیر کو 3 جولائی کی رات ملزم کے قبضے سے بازیاب کیا گیا تھا۔ وائلڈ لائف انسپکٹر کے مطابق ملزم نے شیر کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھا ہوا تھا، جو کہ وائلڈ لائف قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔انسپکٹر نے عدالت سے درخواست کی کہ افریقی شیر کو حفاظتی طور پر سفاری پارک منتقل کیا جائے تاکہ جانور کی دیکھ بھال بھی ممکن ہو اور شہریوں کی سلامتی بھی یقینی بنائی جا سکے۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے شیر کو فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کے تحت سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں سڑک پر آزاد گھومتے شیر نے بچوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہری حلقوں میں شدید تشویش پائی گئی۔ اس واقعے کے بعد وائلڈ لائف حکام نے حرکت میں آتے ہوئے فوری کارروائی کی اور ملزم کے خلاف قانونی اقدامات شروع کیے۔محکمہ وائلڈ لائف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جنگلی جانوروں کو شہری علاقوں میں رکھنا قانوناً ممنوع ہے اور اس طرح کی غفلت نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے بلکہ جانوروں کی فلاح کے خلاف بھی ہے۔