لاہور: پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ کرلیا، بھاری نفری تعینات کر دی گئی

لاہور: پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ کرلیا، بھاری نفری تعینات کر دی گئی

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں قیام گاہ کے باہر پنجاب پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی، جبکہ سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر کنٹینر رکھ کر آمدورفت محدود کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ 

جے یو آئی نے پولیس اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔جے یو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے۔ انہیں آج لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا ہے، تاہم پارٹی کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے ان کی قیام گاہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور انہیں گھر سے باہر آنے سے روکا جا رہا ہے۔جے یو آئی کے مطابق پولیس کی بھاری نفری سوسائٹی میں تعینات کی گئی ہے، جبکہ مرکزی گیٹ پر کنٹینر رکھ دیا گیا ہے۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ سوسائٹی کے رہائشیوں کو بھی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں آنے جانے سے روکا جا رہا ہے۔جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پولیس کے اس اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، انہیں رہائش گاہ سے باہر آنے سے روکنا بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن کسی سیاسی رہنما کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی جواز نہیں۔ پولیس فوری طور پر رکاوٹیں ختم کرے اور مولانا فضل الرحمان کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار نے بھی پولیس کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف رات گئے جمعیت علمائے اسلام کے ذمہ داران کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اور دوسری جانب حکومت پنجاب نے مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا یہ اقدام قابل مذمت ہے، حکام کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مولانا فضل الرحمان جے یو آئی کی ریڈ لائن ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے محاصرے اور انہیں باہر آنے سے روکنے کے مبینہ اقدام کے خلاف جمعیت علمائے اسلام نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے اطراف بھاری نفری تعینات کرکے انہیں گھر کے اندر محبوس کر دیا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس حکام کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی یا حراست سے متعلق کوئی قانونی حکم نامہ فراہم نہیں کیا گیا۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو بازیاب کرانے اور ان کی آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔