خیبر: گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے بعد آج باڑہ بازار بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
ڈی پی او وقار احمد کے مطابق باڑہ بازار کی تمام دکانیں اور مارکیٹیں بند رہیں گی، جبکہ بازار کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ڈی پی او نے بتایا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات پیش آئے، جن میں مشتعل مظاہرین نے نادرا آفس کو آگ لگادی جبکہ ریسکیو آفس پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ان کے مطابق واقعات میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ 62 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ باڑہ اور ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور پشاور پولیس نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ خیبر پولیس کے ساتھ مل کر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سی سی پی او پشاور نے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شاہراہیں بند کرکے عوامی زندگی مفلوج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، جبکہ امن و امان خراب کرنے اور پرتشدد احتجاج میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔