پشاور:جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دارالعلوم حقانیہ اور مولانا حامد الحق پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ان کے گھر اور مدرسے پر حملہ ہے۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے مولانا حامد الحق کی شہادت اور دارالعلوم حقانیہ پر دھماکے کی خبر کو دل پر گہرا دکھ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ حملہ میرے گھر اور مدرسے پر حملہ ہے" اور کہا کہ دہشت گردوں نے انسانیت، مسجد، مدرسہ، اور جمعہ کے دن کی حرمت کو پامال کیا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور بدامنی معاشرتی ناسور بن چکی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں بدامنی کے خلاف کئی بار آواز اٹھائی لیکن ریاست خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ "انسانیت کی جان، مال، عزت اور آبرو محفوظ نہیں۔" انہوں نے اس موقع پر اپنے کارکنوں سے کہا کہ وہ بھرپور کردار ادا کریں۔دریں اثنا، مولانا فضل الرحمان نے مدینہ منورہ سے مرحوم مولانا حامد الحق کے بیٹے حافظ سلمان الحق سے رابطہ کیا اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ واقعے کی تفصیلات بھی معلوم کیں۔