مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسجد محمود گرفتار، اسلام آباد میں رہائش گاہ سیل کرنے کا جے یو آئی کا دعویٰ

مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسجد محمود گرفتار، اسلام آباد میں رہائش گاہ سیل کرنے کا جے یو آئی کا دعویٰ

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کی گرفتاری کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

 جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق حکومتی انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کو سیل کردیا ہے اور اہل خانہ کو گھر خالی کرنے پر مجبور کیا گیا۔میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے ذریعے پارٹی قیادت اور کارکنوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق مولانا اسجد محمود کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ گھر میں موجود اہل خانہ کو باہر نکالنے کے بعد رہائش گاہ کو بند کردیا گیا۔ترجمان اسلم غوری نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان اس وقت لاہور میں ہیں اور جے یو آئی کے مطابق انہیں وہاں نظر بند رکھا گیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ اسلام آباد میں رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا گیا اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔ اہل خانہ کو مبینہ طور پر صرف 30 منٹ میں گھر خالی کرنے کی مہلت دی گئی۔اسلم غوری نے حکومتی اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ظلم کی بھی حد ہوتی ہے اور حکمرانوں کو ایسے اقدامات کرنے چاہییں جنہیں وہ کل خود بھی برداشت کرسکیں۔

 انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں اور پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔ ان کے بقول جے یو آئی صبر و تحمل کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرے گی۔ دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ کی کارروائی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مکان کے مالک امان اللہ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کے بعد رہائش گاہ سیل کرنے کا حکم دیا۔ سی ڈی اے کے مطابق مالک غیر ملکی شہری ہیں اور ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہوچکا ہے۔