مستونگ میں دھماکے سے ایک اور پل تباہ،کوئٹہ کراچی شاہراہ پر آمدورفت معطل

مستونگ میں دھماکے سے ایک اور پل تباہ،کوئٹہ کراچی شاہراہ پر آمدورفت معطل

مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں دھماکے کے نتیجے میں قومی شاہراہ پر واقع ایک اور پل تباہ ہوگیا، جس کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی۔

واقعے کے بعد شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی روانی متاثر ہوئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پل کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا اور وہ آمدورفت کے قابل نہیں رہا۔ دھماکے کے بعد کوئٹہ اور کراچی کے درمیان زمینی رابطہ متاثر ہوگیا۔حکام کے مطابق قومی شاہراہ کی بندش کے باعث مسافر بسوں، مال بردار ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ متاثرہ راستے پر سفر سے گریز کریں اور متبادل راستہ اختیار کریں۔

واضح رہے کہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ اور اس کے اطراف میں اس سے قبل بھی قومی شاہراہ پر واقع پلوں کو دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنایا جا چکا ہے، جس کے باعث کوئٹہ کراچی روٹ پر ٹریفک کی روانی بار بار متاثر ہوئی ہے۔ پل کی تباہی کے بعد علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ حکام کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شاہراہ کی بحالی اور ٹریفک کی معمول کی روانی کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔