مستونگ دھماکے کے متاثرین بے گھر، تباہ حال بلوچ خاندان نقل مکانی پر مجبور

مستونگ دھماکے کے متاثرین بے گھر، تباہ حال بلوچ خاندان نقل مکانی پر مجبور

اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیے گئے دھماکے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے متعدد خاندان اپنے مکانات تباہ ہونے کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

 متاثرہ افراد شدید سردی میں سرکاری خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں اور انہوں نے حکومت سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق مستونگ میں چند روز قبل دہشت گردوں کے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیے گئے حملے میں متعدد مقامی مکانات اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا تھا۔ دھماکے کی شدت کے باعث کئی گھرانے نہ صرف اپنی رہائش گاہوں بلکہ گھریلو سامان اور عمر بھر کی جمع پونجی سے بھی محروم ہوگئے۔حملے کے بعد متاثرہ خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مکانات کو پہنچنے والے نقصان کے باعث متعدد گھرانے اپنے علاقوں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، جبکہ بعض متاثرین عارضی طور پر حکومت کی جانب سے فراہم کردہ خیموں میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔دھماکے سے متاثر ہونے والے ایک شہری نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملے کے بعد ان کے مکانات رہنے کے قابل نہیں رہے، جس کے باعث انہیں اپنے گھر چھوڑ کر نقل مکانی کرنا پڑی۔

 ان کا کہنا تھا کہ شدید سردی کے موسم میں خاندان کے افراد کے ساتھ خیموں میں رہنا انتہائی مشکل ہے۔متاثرین نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور مستونگ کے منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ ان کی مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد، رہائش اور ضروری اشیائے زندگی فراہم کی جائیں تاکہ وہ دوبارہ معمول کی زندگی شروع کرسکیں۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات نے نہ صرف مقامی آبادی کے جان و مال کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ علاقے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی زندگی کو بھی متاثر کیا ہے۔