کوٹ چھٹہ کے رہائشی ڈالے پر لال سونہارا جارہے تھے حادثہ پیش آگیا
اوچ شریف (خصوصی رپورٹ )ایکسپریس وے پر پتھروں سے لوڈ ٹرک ڈالے پر الٹے سے سات افراد جاں بحق ،ایک زخمی ہوگیا۔ ادھروزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اوچ شریف کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس اور سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا اور رپورٹ طلب کر لی ہے۔تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ کے نواحی علاقہ کے رہائشی 16 افراد لوڈر ڈالے پر سوارہوکر لال سونہارا جارہے تھے کہ خیر پور ڈاہا کے قریب ایکسپریس وے پر ڈرائیور نیلوڈر گاڑی روک کر ونڈ سکرین صاف کی۔اس اثناء میں پتھروں سے لوڈ ٹرک ڈالے سے ٹکرا کر اس پر الٹ گیا۔ حادثہ پیش آتے ہی 8 افراد چھلانگیں لگاکر باہر نکل آئے جبکہ باقی 8 افراد ٹرک تلے دب گئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ٹرک تلے دبے افراد میں سے 7 افراد 22 سالہ محمد احمد، 25 سالہ عمران، 40 سالہ شعیب، 40 سالہ محمد، 45 سالہ اعظم، 50 سالہ وسیم اور 55 سالہ یقین محمد کی لاشیں اورزخمی 35 سالہ محمد منور کو نکال لیا۔لاشوں اور زخمی کو تحصیل ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کردیا گیا جہاں پر ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر کے آبائی علاقہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔پولیس نے حادثے کا شکار افراد کے رشتہ دار عابد حسین کی مدعیت میں فرار ہونے والے نامعلوم ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔