سیکٹر کمانڈر ایس پی ندیم اشرف خود موقع پر موجود ، امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی
لاہور(کرائم رپورٹر)ایم-4 پر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی اور ایک معمولی زخمی ہو گیا ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ مزدا ٹرک کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیاجس کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیاسیکٹر کمانڈر ایس پی ندیم اشرف خود موقع پر موجود رہے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔موٹروے پولیس نے حادثے کا شکار گاڑی کو سڑک سے ہٹانے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی کو بحال کر دیا گیا ہے موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ سفر گاڑی کی فٹنس کا خاص خیال رکھیں اور ٹریفک قوانین پر عمل کریں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔