پیپلز پارٹی مخصوص نشستیں واپس کرے ،اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے،گورنر راج ختم کیا جائے : پی ٹی آئی رہنما

بلاول بھٹو سیاسی اتحاد کیلئے 3شرائط  بیرسٹر علی ظفر 
بلاول بھٹو نے اگر توبہ کر لی ہے تو پھر ہماری شرائط بھی تسلیم کرنی چاہئیں،پنجاب میں کرپشن بارے وزرا خود بیان دے رہے ہیں جو بڑی بات ہے،نئے صوبوں کے قیام،ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں : گفتگو
لاہور (خصوصی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما اور سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ سیاسی اتحاد کیلئے تین شرائط رکھی ہیں، پہلی شرط یہ ہے کہ مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو واپس دی جائیں، دوسری شرط خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا خاتمہ ہے جبکہ تیسری شرط پیپلزپارٹی کا قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنا ہے،اگر پیپلز پارٹی تینوں شرائط تسلیم کر لیتی ہے تو ہمیں یقین ہوگا یہ نورا کشتی نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احاطہ لاہور ہائیکورٹ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علی ظفر نے مزید کہاکہ تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے اوراس سے متعلق ریفرنڈم کی حمایت کرتے ہیں، ریفرنڈم کے بعد صوبے بنانے کا طریقہ کار طے ہونا چاہیے، 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد ہی اس پر کوئی فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اگر توبہ کر لی ہے تو پھر انہیں ہماری شرائط بھی تسلیم کرنی چاہئیں، بلاول بھٹو کے بارے میں یہی کہوں گا کہ بڑی دیر کر دی مہرباں آتے آتے، پنجاب میں کرپشن بارے وزرا خود بیان دے رہے ہیں جو بڑی بات ہے ، کرپشن کے الزامات اپوزیشن لگائے تو وہ اور بات ہے مگر حکومتی وزیر الزامات عائد کررہے ہیں ،پنجاب میں حکومت کی عمارت خطرے میں نظر آرہی ہے۔