صنعاء: یمن کے جنوب مغربی علاقے میں سعودی طیاروں کی جانب سے مسافر بسوں اور ٹرکوں کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق یا لاپتا ہوگئے، جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیوں اور لاپتا افراد کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حوثیوں سے وابستہ خبر رساں ایجنسی ’سبا‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ لحج کی وادی مبق میں سعودی طیاروں نے مسافر بسوں اور ٹرکوں پر فضائی حملہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، جبکہ کئی افراد لاپتا بھی ہوگئے۔حوثی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حملے میں جاں بحق اور لاپتا ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے، جبکہ 6 زخمیوں کو بھی رپورٹ کیا گیا ہے۔ تاہم رپورٹ میں جاں بحق اور لاپتا افراد کی الگ الگ تعداد، متاثرہ گاڑیوں کی تفصیلات اور زخمیوں کی حالت سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں سعودی طیاروں کی مسلسل پروازیں جاری رہیں، جس کے باعث امدادی ٹیموں کو متاثرہ مقام تک پہنچنے اور لاپتا افراد کی تلاش میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔