صنعاء: یمن کی سرکاری افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کے خلاف 1,272 کارروائیاں کی گئیں، جن میں تقریباً 500 حوثی جنگجوؤں اور فیلڈ کمانڈروں کو ہلاک یا زخمی کردیا گیا۔
یمنی فوج کے ترجمان ماجد النزیلی کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران حوثی باغیوں کی 169 گاڑیوں، فوجی آلات اور بھاری ہتھیاروں کو بھی تباہ یا نقصان پہنچایا گیا۔ تاہم فوجی ترجمان نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کی تعداد کتنی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ماجد النزیلی نے کہا کہ یہ کارروائیاں یمن کی فوجی مہم 'آپریشن ڈان' کے تحت کی گئیں، جن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں، فوجی کمک، دفاعی قلعہ بندیوں، فائرنگ کی پوزیشنوں اور سپلائی کے راستوں کو نشانہ بنایا گیا۔فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں سرکاری فورسز کو زمینی سطح پر پیش قدمی کرنے اور شمالی یمن کے الجوف محاذ پر اہم فوجی پوزیشنوں کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومتی فورسز کی کارروائیاں صرف الجوف تک محدود نہیں بلکہ ماریب، البیضاء، لحج اور تعز کے صوبوں میں بھی فوجی آپریشن جاری ہیں۔یمنی فوج کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد حوثی باغیوں کی عسکری صلاحیتوں کو کمزور کرنا، ان کی نقل و حرکت محدود کرنا اور مختلف محاذوں پر حکومتی فورسز کی پوزیشن مستحکم بنانا ہے۔دوسری جانب حوثی باغیوں کی جانب سے ان تازہ کارروائیوں اور جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔