اسرائیل کا یمن میں حوثی اہداف پر فضائی حملہ، 9 افراد ہلاک

اسرائیل کا یمن میں حوثی اہداف پر فضائی حملہ، 9 افراد ہلاک

اسرائیل نے یمن میں حوثی باغیوں کے زیرِ قبضہ دارالحکومت صنعاء اور ساحلی صوبہ الحدیدہ میں فضائی حملے کیے ہیں، جن میں بحیرہ احمر کے تیل کے ٹرمینلز اور متعدد بجلی گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔

 اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ درجنوں لڑاکا اور جاسوس طیاروں نے 2 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے یمن کے حدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا۔حوثیوں کے سیٹلائٹ چینل المسیرہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ صنعاء اور الحدیدہ میں واقع پاور اسٹیشنوں کے علاوہ بحیرہ احمر میں راس عیسیٰ کے تیل کے ٹرمینل کو بھی اسرائیلی حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں حوثیوں کے زیرِ استعمال تین بندرگاہیں مفلوج ہوگئیں اور جنوبی صنعا میں واقع حزیز پاور اسٹیشن تباہ ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں 9 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ یہ حملے حوثیوں کی جانب سے وسطی اسرائیل پر میزائل داغے جانے کے جواب میں کیے گئے۔ فوج کا کہنا تھا کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایرو ایئر ڈیفنس سسٹم نے حوثی میزائل کو اسرائیلی فضائی حدود سے باہر ہی تباہ کر دیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے جس حوثی میزائل کو فضا میں مار گرایا، اس کا ملبہ رامات گان شہر میں گرا جس سے ایک بورڈنگ اسکول تباہ ہوگیا، تاہم طلبا کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔یہ یمن سے اسرائیل پر داغے جانے والا دوسرا میزائل حملہ تھا جس میں ڈرون حملوں کے ساتھ ساتھ ایک میزائل بھی شامل تھا۔