خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، ٹی ٹی پی کمانڈر ساتھیوں سمیت فرار

خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، ٹی ٹی پی کمانڈر ساتھیوں سمیت فرار

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے مسلح ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق 23 نومبر 2026 کو پشاور ریجن کے علاقے جانے خوڑ میرہ باچا خیل، تھانہ بڈابیر کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ اطلاع تھی کہ کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے ولد الماس، ساکن تیراہ ضلع خیبر، اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ علاقے میں موجود ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی سوات کی ٹیمیں جدید اسلحے سے لیس ہوکر فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں۔ اہلکاروں نے علاقے میں پہنچ کر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی کے تحت پوزیشنیں سنبھالیں۔سی ٹی ڈی کے مطابق اہلکاروں کو دیکھتے ہی مسلح دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس پر جوانوں نے اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔

دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو سے تین ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی مزید نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی نگرانی سخت کردی گئی۔