پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

باجوڑ میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو بروقت شناخت کر لیا گیا ہے۔

سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد مارے گئے ہیں، جن میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر اور انتہائی مطلوب دہشتگرد خارجی امجد عرف مزاحم بھی شامل ہے۔امجد عرف مزاحم، دہشتگرد نور ولی کا نائب اور بھارتی حمایت یافتہ ’فتنہ الخوارج‘ کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ حکومت پاکستان نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔ وہ افغانستان میں رہ کر پاکستان میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، ’فتنہ الخوارج‘ کی قیادت افغانستان میں رہ کر پاکستان میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ ملک کے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ یہ واقعہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ افغان سرزمین بدستور پاکستان مخالف عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہو رہی ہے۔

ترجمان نے عبوری افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ موثر اقدامات کرے تاکہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دہشتگرد سرگرمی کے لیے استعمال نہ ہو۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید کارروائی جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو پکڑا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گی تاکہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔