خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران 24 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ جھڑپیں 4 اور 5 فروری کو ہوئیں، جن میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے عناصر مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کیا، جس کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ضلع خیبر میں خفیہ اطلاعات پر ایک اور آپریشن کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقوں میں بھارتی سرپرست دہشتگرد عناصر کے خلاف سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں، جن کا مقصد باقی ماندہ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انسدادِ دہشتگردی مہم “ویژن عزمِ استحکام” کے تحت جاری ہے اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کا فیصلہ کن کریک ڈاؤن پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔