خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشتگرد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔حکام کے مطابق موقع سے 10 کلو وزنی دیسی ساختہ بم بھی برآمد کیا گیا جسے بروقت ناکارہ بنا کر بڑے جانی نقصان سے بچا لیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس سے کارروائی میں مدد ملی۔آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق علاقے میں مکمل امن و امان کی بحالی تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔