شمالی وزیرستان: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران متعدد خوارج مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عزمِ استحکام وژن کے تحت خیبر پختونخوا میں گزشتہ دو ماہ سے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں خوارج کے خلاف مؤثر آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے کھٹی کلی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے اور کئی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔سیکیورٹی حکام کے مطابق آپریشنز کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔