اسلام آباد(آئی این پی) وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ افغانستان سے تجارت وہاں کی دہشت گردی کے سبب بند ہے، پاکستان بار بار افغانستان کو یہ شواہد پیش کررہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔پیر کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت چوتھی بین الاقوامی فوڈ اے جی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے وزیر تجارت نے کہا کہ مصدق ملک ایک کثیر جہتی انتظام کے تحت بھارت گئے ہیں، پاکستان کا واضح موقف کہ لا اینڈ آرڈر اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا لہذا پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت سے اہم نیشنل سیکیورٹی کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جان بوجھ کر کسی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرتا، بھارت پہلے کشمیر کے معاملے پر بات کرے، پاکستان تجارت کے لیے تیار ہے۔جام کمال نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے پورے ملک میں بحث چل رہی ہے، سیاسی جماعتیں انتظامی یونٹس اور نئے صوبے بنانے پر اپنا اپنا موقف پیش کررہی ہیں، نئے صوبوں کے قیام پر وزیراعظم جو کہیں گے اس پر عمل کرنے کا پابند ہوں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی دستیابی کا معاملہ صوبائی حکومتوں کا ہے