اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے السویڈی الیکٹرک کے صدر و سی ای او انجینئر احمد السویڈی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ انجینئر احمد السویڈی نے پاکستان میں موجودہ سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں سرمایہ کاری کے لیے بڑے مواقع موجود ہیں۔وزیر تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع امکانات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان کے مائننگ سیکٹر میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سروسز کے شعبے میں پاکستان میں شاندار مواقع موجود ہیں، جن سے مصری کمپنیوں کو بھرپور فائدہ اٹھا نا چاہیے۔ ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان تجارتی و صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، اور دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو جلد شروع کیا جائے تاکہ دونوں کی معیشتوں میں مزید بہتری لائی جا سکے