ٹرمپ نے ہارورڈ یونی ورسٹی کو غیر ملکی طلبا کو داخلہ دینے سے روک دیا

 یونی ورسٹی کی سٹوڈنٹ اور وزیٹر ایکسچینج پروگرام سرٹیفیکیشن ختم ہوگئی ہے،امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی
اقدام غیرقانونی، اس سے ادارے اورپورے ملک کو سنگین نقصان پہنچے گا،ہاورڈ یونی ورسٹی کاشدید ردعمل
 واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونی ورسٹی کو غیرملکی طلبا کو داخلہ دینے سے روک دیا۔غیر ملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ہارورڈ یونی ورسٹی کا غیر ملکی طلبا کو داخلہ دینے کا اختیار منسوخ کر دیا۔امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوم نے یونی ورسٹی کو خط میں ٹرمپ انتظامیہ کے اقدام سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اقدام ہوم لینڈ سکیورٹی کی یونی ورسٹی میں جاری تفتیش کے لیے کیا جا رہا ہے۔امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ ہارورڈ یونی ورسٹی کی سٹوڈنٹ اور وزیٹر ایکسچینج پروگرام سرٹیفیکیشن ختم ہوگئی ہے۔امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق ہارورڈ یونی ورسٹی غیرملکی طلبا کو داخلہ نہیں دے سکتی اور موجودہ زیر تعلیم غیرملکی طلبا کو ٹرانسفر کرنا ہوگا۔دوسری جانب ہارورڈ یونی ورسٹی نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا اور کہا کہ اس سے ادارے اور پورے ملک کو سنگین نقصان پہنچے گا۔