ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبات ماننے سے انکار: ہارورڈ یونی ورسٹی کی وفاقی امداد منجمند کر دی گئی

 واشنگٹن(آئی این پی ) صدرڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے مطالبات ماننے سے انکار کے بعد امریکا کی صف اول کی ہارورڈ یونی ورسٹی کی وفاقی امداد منجمند کر دی گئی۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ہا رورڈ یونی ورسٹی کو خط بھیجا تھا جس میں دیگر مطالبات کے علاوہ کہا گیا کہ یونی ورسٹی میں طلبہ اور فیکلٹی کے اختیارات کم کیے جائیں۔خط میں یونی ورسٹی کو کہا گیا کہ بیرونِ ملک سے آئے طلبہ کی خلاف ورزیوں کو فوراً وفاقی حکام کو رپورٹ کیا جائے اور ہر تعلیمی شعبے پر نظر رکھنے کے لیے کسی بیرونی ادارے یا شخص کی خدمات حاصل کی جائیں۔ تاہم ہارورڈ یونی ورسٹی نے ان مطالبات کو غیر قانونی قرار دیا۔ہارورڈ کے صدر ایلن گاربر نے اپنے بیان میں کہا کہ کوئی بھی حکومت، چاہے کسی بھی جماعت کی ہو، یہ فیصلہ کرنے کی مجاز نہیں کہ نجی یونی ورسٹیاں کیا پڑھائیں، کس پر تحقیق کریں اور کس کو داخلہ یا ملازمت دیں۔ ہارورڈ کے وکلاء نے بھی کہا کہ یونی ورسٹی وہ مطالبات ماننے کے لیے تیار نہیں جو موجودہ یا کسی بھی انتظامیہ کے قانونی اختیارات سے تجاوز کرتے ہوں۔