لاہور: خودکشی واقعات میں اضافہ:23دن میں 12افراد نے زندگی کا خاتمہ کرلیا

 واقعات میں گھریلو تنازعات اور ذاتی نوعیت کے محرکات کار فرما رہے ،ترجمان ایدھی فائونڈیشن
 لاہور(آئی این پی ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں خودکشی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہونے لگا ہے اور رواں ماہ کے پہلے23دنوں میں مختلف وجوہات پر 12افراد نے خودکشی کی ہے۔ترجمان ایدھی فائونڈیشن کے مطابق مختلف علاقوں میں خودکشی کرنے والوں میں ایک خاتون اور11مرد شامل ہیں۔ 2مئی کو برکی کے علاقے پیراگون سٹی میں 40سالہ امداد حسین نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔ کاہنہ میں 22سالہ آفتاب میو نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر اپنی جان لی۔5مئی کو جعفریہ کالونی شیراکوٹ میں 40سالہ رضا عباس نے سر میں گولی مار کر اپنی جان اپنے ہاتھوں گنوائی۔ 6مئی کو ہربنس پورہ پیر نصیر روڈ پر 30سالہ عمر نے اپنے سینے میں گولی مار کر خودکشی کی۔13مئی کو سندر کے علاقے میں سابق کسٹم آفیسر عثمان نے اپنی اہلیہ عائشہ کو زخمی کرنے کے بعد سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔ 16مئی کو گلستان کالونی باغبانپورہ میں 40سالہ عبدالغفار نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر اپنی جان لی۔18مئی کو شاہدرہ کی چوکی سگیاں کے علاقے میں 35سالہ نجمہ بی بی نے خود سوزی کی۔ 18مئی کو اعوان مارکیٹ نشتر کالونی میں 21سالہ عادل نے گلے میں پھندا ڈال کر اپنی جان لی۔19مئی کو باٹا پور میں نعمان نامی نوجوان نے 24سالہ نمرہ کو زخمی کرنے کے بعد اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔ 20مئی کو یوسف نگر شیراکوٹ میں 24سالہ سفیان منظور نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی جان لی۔باٹا پور کے علاقے میں 22سالہ نعمان نے عشق کی ناکامی پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ترجمان ایدھی فانڈیشن کے مطابق 21مئی گجر پورہ چائناسکیم کے 35سالہ زوہیب نے نامعلوم وجوہات پر لکڑی کے آرے سے شہ رگ کاٹ کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔خودکشی کے واقعات میں گھریلو تنازعات اور ذاتی نوعیت کے محرکات کار فرما رہے ہیں۔