فیصل آباد: میاں بیوی نے ٹرین کے نیچے آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

دونوں کی تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی،ساجد نے بھائی کو فون کرکے خودکشی کرنے کی اطلاع دی تھی
    فیصل آباد(یواین پی)پنجاب کے علاقے فیصل آباد میں میاں بیوی نے ٹرین کے نیچے آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، ساجد نے بھائی زاہد کو فون کر کے خود کشی کرنے کی اطلاع دی تھی،واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا،بتایا گیا ہے کہ واقعہ فیصل آباد کے قریب بھائی والا پھاٹک کے قریب پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق دونوں میاں بیوی نے اچانک پٹری پر آ کر ٹرین کے سامنے آگئے جس سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔فیصل آباد کے رہائشی پاور لوم ورکر ساجد اور اس کی بیوی عدیل ٹاون کے رہائشی تھے دونوں کی تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔پولیس کے مطابق دونوں لاہور جانے والی بدر ایکسپریس کے آگے لیٹ گئے تھے اور زندگی کا خاتمہ کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول میاں بیوی ساجد اور رضیہ کی لاشیں الائیڈ ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہے۔